فرنچ اوپن: ایشلے بارٹی 46 سال بعد ٹائٹل جیتنے والی آسٹریلوی خاتون کھلاڑی

Last Updated On 09 June,2019 07:03 pm

پیرس: (دنیا نیوز) فرنچ اوپن میں تاریخ رقم، ایشلے بارٹی نے جمہوریہ چیک کی کھلاڑی کو ہرا کر پہلا گرینڈ سلیم جیت لیا، ساتھ ہی چھیالیس سال بعد ٹائٹل اپنے نام کرنے والی پہلی آسٹریلوی خاتون کھلاڑی بن گئیں۔

پیرس کے کلے کورٹ میں ویمن ٹینس کا بڑا مقابلہ ہوا جس میں آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی اور جمہوریہ چیک کی انیس سالہ مارکیٹا ونڈروسووا آمنے سامنے آئیں۔

آسٹریلوی کھلاڑی نے تجربہ کاری کی دھاک بٹھائی اور پہلا سیٹ چھ ایک سے جیت کر مورال ہائی کیا۔

انہوں نے اسی جذبے سے کھیل جاری رکھا اور دوسرے سیٹ میں بھی چھ تین سے کامیابی سمیٹی۔

سٹریٹ سیٹس کی فتح سے ایشلے بارٹی نے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم جیت لیا۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ 1973ء کے بعد فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیتنے والی پہلی آسٹریلوی ویمن ٹینس سٹار بن گئیں۔ تاریخ ساز اعزاز میچ دیکھنے والے تماشائی بھی خوب محظوظ ہوئے۔