اوہائیو: (ویب ڈیسک) سنسناٹی اوپن ٹینس کے تیسرے راؤنڈ میں راجر فیڈرر اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سنسناٹی اوپن ٹینس کے تیسرے راؤنڈ میں روسی کوالیفائر پلیئر آندرے رُبلیو نے سوئس ٹینس سٹار راجر فیڈرر کو سٹریٹ سیٹ میں ہراکر اپ سیٹ کردیا۔ 16 سال میں یہ پہلا موقع ہے جب فیڈرر اتنی جلدی ایونٹ سے باہر ہوئے ہیں۔
سنسناٹی میں جاری ٹینس ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ میں سوئس ٹینس سٹار اور ورلڈ نمبر تھری راجر فیڈرر کا سامنا نوجوان کوالیفائر اندرے رُبلیو سے تھا۔ میچ میں حیران کن طور پر فیڈرر مکمل طور پر بیک فٹ پر نظر آئے اور 21 سالہ روسی کھلاڑی نے فیڈرر کو سٹریٹ سیٹ میں ہراکر شائقین ٹینس کو حیران کردیا۔
آندرے رُبلیو کی جیت کا سکور چھ۔، تین اور چھ۔، چار رہا، یہ میچ صرف 62 منٹ جاری رہا۔
دوسری جانب سربیا کے نوواک جوکوچ اور فرانس کے رچرڈ گیسکے اپنے اپنے میچز جیت کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔