لندن: (دنیا نیوز) ہنڈراس میں فٹبال سٹیڈیم میدان جنگ بن گیا، بپھرے تماشائیوں کی مخالفین اور پولیس سے جھڑپیں چھڑ پڑیں، چار افراد ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیگوسیگالپا میں فٹبال کے روایتی حریف اولمپیا اور موٹاگوآ کے درمیان میچ شیڈول تھا، نیشنل سٹیڈیم میں تماشائیوں کی آمد نے مخالفین سے میچ ڈال لیا۔
بپھرے شائقین آؤٹ آف کنٹرول ہو گئے، ٹیموں سے پہلے پِچ پر ڈیرے جما لیے، دھینگا مشتی اور مار کٹائی نے فٹبال گراؤنڈ کو میدان جنگ بنا دیا اس دوران چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق مشتعل افراد پر پولیس بھی ٹوٹ پڑی، فٹبال گراؤنڈ میں پکڑن پکڑائی ہوتی رہی جس کے بعد میچ منسوخ کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ لڑائی کی وجہ اولمپیا ٹیم کی جانب سے موٹاگوآ کے کھلاڑیوں کی بس پر پتھراؤ کرنا تھا جسکے باعث تین کھلاڑی زخمی ہو گئے، زخمی ہونیوالوں میں ایمیلیو، روبرٹو، جوناتھن روگر شامل تھے، لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب ہوائی فائرنگ کی آواز سنائی دی گئی۔
لڑائی اس قدر بڑھ گئی تھی کہ پولیس کو آنسو گیس استعمال کرنا پڑ گئے اس دوران متعدد زخمی بھی ہوئے، ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس چار افراد کی نعشیں لائی گئی ہیں جبکہ مزید تین کی حالت کافی خطرناک ہے۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ لڑائی کی وجہ بننے والے اور ہوائی فائر کرنے والے شہری کو گرفتار کر لیا ہے اور اسے جیل بھیج دیا گیا ہے۔