یو ایس اوپن ٹینس کی تیاریاں مکمل، عالمی کھلاڑی نیویارک پہنچنا شروع

Last Updated On 22 August,2019 11:11 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، نوویک جوکووچ مینز جبکہ جاپانی ٹینس سٹار نائومی اوساکا ویمنز میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گی جبکہ عالمی سٹارز نیو یارک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں ٹینس کے کھیل کو لوگ پسند کرتے ہیں، رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، شائقین اور کھلاڑیوں کا جذبہ دیدنی ہے جو سوشل میڈیا سمیت انٹرویوز میں اظہار کر رہے ہیں۔

ٹورنامنٹ کا 139 واں ایڈیشن 26 اگست سے نیویارک میں شروع ہوگا۔ ایونٹ ٹینس کے ہارڈ کورٹ پر کھیلا جائے گا، یہاں پر دنیا کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کیلئے جنگ کریں گے۔

ٹورنامنٹ کیلئے رقم 4 کروڑ 28 لاکھ 60 ہزار ڈالر (تقریباً ساڑھے 6 ارب روپے) رکھی گئی ہے۔ جیتنے والے کو انعامی رقم 38 لاکھ 50 ہزار ڈالر (تقریباً 58 کروڑ پاکستانی روپے) ملے گی۔ ہارنے والے کو 19 لاکھ ڈالر ( تقریباً 27 کروڑ پاکستانی روپے) ملیں گے۔ سیمی فائنل میں پہنچنے والے پلیئر کو 9 لاکھ 60 ہزار ڈالر (تقریباً 15 کروڑ پاکستانی روپے) ملیں گے۔ کوارٹر فائنل میں پہنچنے والے کھلاڑی 5 لاکھ ڈالر (7 کروڑ پاکستانی روپے) پیسے اکاؤنٹ میں منتقل کریں گے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہونگے۔ سربیا کے ٹینس سٹار نوویک جوکووچ میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں میں اعزاز کا دفاع کرینگے۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں جاپان کی نائومی اوساکا ایک مرتبہ پھر ٹائٹل جیتنے کی کوشش کریں گی، مینز ڈبلز مقابلوں میں مائیک برائن اور جیک سوک پر مشتمل امریکی جوڑی اعزاز کی بقاء کے لئے کوشاں ہو گی۔

ویمنز ڈبلز مقابلوں میں آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی اور انکی امریکی جوڑی دار کو کو وانڈویج اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کریگی۔ مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں امریکا کی بیتھانی میٹک سینڈز اور ان کے برطانوی جوڑی دار جمی مرے اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے۔

دوسری طرف ماریہ شیراپووا، سرینا ولیمز اور ناؤمی اوساکا، سلونے سٹیفنز و دیگر نے بچوں کیساتھ ٹینس کھیلی اور انہیں گر بھی سکھائے۔

اس موقع پر سرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ کھیل نوجوان خواتین کھلاڑیوں کے لیے بہت ضروری ہے، ہمیں کھیل کے ساتھ رہنا چاہیے اور ڈسپلن کی خلاف ورزی بھی نہیں کرنی چاہیے۔

یاد رہے کہ میگا ایونٹ 26 اگست سے شروع ہوکر 8 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔