گلگت: (دنیا نیوز) زلمی گلگت بلتستان گرلز فٹبال لیگ چپرسن کی فتح کےساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ سنسنی خیز فائنل میں چپرسن نے شمشال کو پینلٹی ککس پر ہرا دیا۔
پاکستان سپر لیگ کی نمبرون فرنچائز پشاور زلمی کے اشتراک سے ہونیوالی زلمی گلگت بلتستان گرلز فٹبال لیگ سنسنی خیز فائنل کے ساتھ اختتام کو پہنچی ۔ چپرسن نے فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد شمشال کو پنلٹی ککس پر شکست دیکر ٹائٹل جیت لیا ۔ پانچ دن تک جاری رہنے والے ایونٹ کے فائنل میں چپرسن کی ٹیم نے پنلٹی ککس پر تین ایک سے کامیابی حاصل کی ۔
پشاور زلمی کے چیئر مین جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی اپنی فاؤنڈیشن اور زلمی ٹی وی کے پلیٹ فارم سے کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں مکسڈ مارشل آرٹس کے کامیاب ایونٹ کے بعد گلگت بلتستان میں زلمی گرلز فٹبال لیگ کے کامیاب انعقاد پر خوشی ہے۔ پشاور زلمی فاؤنڈیشن ویمن اینڈ یوتھ ایمپاورمنٹ کے لیے کوشاں ہے۔
پشاور زلمی کے چیئر مین جاوید آفریدی نے کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر ٹورنامنٹ آرگنائزرز، کھلاڑیوں اور تمام ٹیموں کو مبارکباد دی۔
ٹورنامنٹ کی آرگنائزرز کرشمہ عنایت اور سمیرا عنایت کا کہنا تھا کہ لیگ کے انعقاد میں تعاون پر پشاور زلمی، جاوید آفریدی، ٹی سی ایل اور تمام پارٹنرز کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔ لیگ سے ویمن فٹبال کا مزید ٹیلنٹ سامنے آیا ہے اور ایونٹ کے انعقاد اور کوریج سے ملک بھر میں ویمن فٹبال کو فروغ ملے گا۔