خنجراب، رواں ہفتے 15 ہزار فٹ بلندی پر میراتھن ریس کا انعقاد، ایتھلیٹس پاکستان پہنچ گئے

Last Updated On 20 September,2019 03:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں کھیلوں کے شائقین کے لیے بڑی خبر، میراتھن ریس کی تاریخ میں پہلی بار 15 ہزار فٹ بلند مقام خنجراب ٹاپ پر دوڑ کا انعقاد رواں ہفتے ہوگا۔ بیرون ممالک سے ایتھلیٹس پاکستان پہنچ گئے۔

ونٹر سپورٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام پاک چین سرحد خنجراب ٹاپ پر میرا تھن ریس میں 17 ممالک کے ایتھلیٹس شرکت کریں گے، 15 ہزار فٹ بلندی پر میراتھن ریس کا انعقاد عالمی ریکارڈ ہو گا کیونکہ میراتھن کی تاریخ میں آج تک اتنی بلندی پر ریس کا انعقاد نہیں ہوا۔

شائقین پہلی بار پاکستان اور چین کی سرحد پر واقع خنجراب ٹاپ پر دنیا بھر سے آئے ایتھلیٹس کو میراتھن میں دوڑتے ہوئے دیکھیں گے۔ دنیا کے اس بلند مقام پر ہونے والی دوڑ میں کئی عالمی ریکارڈ بننے کاامکان ہے، سترہ ممالک کے ایتھلیٹ الٹرا میراتھن، میراتھن اور ہاف میراتھن ریس میں شرکت کریں گے۔

ان مقابلوں سے پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان دلفریب علاقوں میں سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ مقابلوں میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچنے والے ایتھلیٹس نے پاکستان کو محفوظ، مہمان نواز اور خوبصورت ملک قرار دیا ہے۔