ساہیوال: کبڈی ٹورنامنٹ، تماشائیوں اور کھلاڑیوں میں جوش ولولہ دیدنی

Last Updated On 07 October,2019 05:11 pm

ساہیوال: (دنیا نیوز) پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے بڑوں شہروں میں سے ایک ساہیوال میں شہدائے پاکستان و یکجہتی کشمیر کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا، اس ایونٹ میں چار ٹیموں نے حصہ لیا، فیصل آباد الیون ایونٹ کی فاتح رہی۔

دنیا نیوز کے مطابق شیخ ظفر علی سٹیڈیم ساہیوال میں شہدائے پاکستان و یکجہتی کشمیر کبڈی ٹورنامنٹ ہوا، قومی ترانے سے کھلاڑیوں اور تماشائیوں میں جوش و ولولہ دیکھنے میں آیا۔ ساہیوال ٹائیگرز، فیصل آباد الیون، ملتان قلندرز اور لاہور لائنز نے حصہ لیا۔

فائنل میچ فیصل آباد الیون اور ساہیوال ٹائیگرز کے درمیان ہوا، کبڈرز کے جوشیلے انداز اور پکڑن پکڑائی، زور آزمائی کا زبردست مظاہرہ ہوا،کبڈی کے روایتی اور ثقافتی کھیل میں ڈھول کی تھاپ اور کمنٹری کے منفرد انداز نے بھی سب کو پرجوش کیا

فائنل میں فیصل آباد الیون نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میدان مار لیا، مہمان خصوصی صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور میاں عاکف نے فاتح کھلاڑیوں میں انعام تقسیم کیے۔