لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کے ٹینس سٹار اعصام الحق کا کہنا ہے کہ بھارت کا ڈیوس کپ کیلئے پاکستان میں ٹیم نہ بھیجنا غیر منصفانہ فیصلہ ہے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کو لکھے خط میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی بھارتی شہری کو کوئی خطرہ نہیں ہے، اگر متعصبانہ فیصلے کے تحت ایونٹ پاکستان سے منتقل ہوا تو نہیں کھیلوں گا۔
ٹینس سٹار کا کہنا تھا کہ میں نے بائیکاٹ کا فیصلہ پاکستان کے وقار اور سکیورٹی اداروں کی عزت کیلئے کیا، روزانہ سینکڑوں بھارتی، کرتارپور، ننکانہ اور ٹیکسلا کا دورہ کرتے ہیں۔
اعصام الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کبھی بھارتی شہری کیساتھ تشدد یا بد تمیزی کا واقعہ نہیں ہوا، پاکستان میں حالیہ دنوں میں سری لنکن ٹیم ،آئی ٹی ایف جونیئر، بنگلہ دیش ویمن ٹیمیں آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانوی شاہی جوڑا بھی حال ہی میں پاکستان کا دورہ کر کے گیا ہے، ہالینڈ کی ملکہ بھی پاکستان آ رہی ہیں، غیر ملکی فٹبالرز بھی پاکستان سے ہو کر گئی، پاکستان نے سکیورٹی پروٹوکول کی یقین دہانی کرائی، بھارتی ٹیم کے چند ممبر کیوں انکار کر رہے ہیں۔