کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں پہلے صوبائی شطرنج ٹورنامنٹ میں پنجاب اورسندھ کے کھلاڑیوں نے ذہانت کے جوہر دکھائے، لاہور کے نیشنل ماسٹر نے سب کی بساط لپیٹتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کر لی۔
کوئٹہ میں پہلی بار شطرنج ٹورنامنٹ کا انعقاد، تین روزہ شطرنج ٹورنامنٹ میں بلوچستان کے 10 کلبز کے علاوہ سندھ اورپنجاب سے کل 54 کھلاڑیوں نے شرکت کی اور اپنی ذہنی صلاحیتوں سے مدمقابل کو مات دے کر بساط لیپٹنے کے لئے بھرپور داو پیچ کھیلے۔ لاہورکے نیشنل ماسٹر سبط علی نے یونس ملغانی کو شکست دے کر 6 پوائنٹ کے ساتھ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فاتح کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں کھیل کر بڑا مزا آیا۔
ٹورنامنٹ میں بچوں نے بھی اپنی مہارت منوانے کی بھرپور کوشش کی۔ کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والے مقابلوں کو شطریج کے شوقین افراد نے بھی دل چسپی سے دیکھا، مہمان خصوصی سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شطرنج کا کھیل انسانی دماغ کی نشورونما کے لئے ضروری ہے، حافظہ تیز کرنے کے لئے سب کو یہ سیکھنی چاہیے۔
تقریب کے اختتام پر ٹورنامنٹ میں پہلی 3 پوزیشنیں حاصل کرنے والوں اور دیگر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔