اینتھونی جوشوا کی ٹائسن فیوری یا دیانتے وائلڈر سے ٹاکرے کی خواہش

Last Updated On 15 December,2019 10:39 pm

لندن: (دنیا نیوز) ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن اینتھونی جوشوا نے کہا ہے کہ ان کا 2020ء میں ٹائسن فیوری یا دیانتے وائلڈر سے ٹاکرے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ برطانوی باکسر اینتھونی جوشوا نے حال ہی میں سعودی عرب میں منعقدہ ایک فائٹ میں اینڈی ریوز جونیئر کو پچھاڑتے ہوئے ورلڈ ٹائٹل پر دوبارہ قبضہ کیا تھا۔

برطانیہ کے ایک ریڈیو پروگرام میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ دونوں باکسر تاریخ رقم کرنا چاہتے ہیں تو انھیں اس پر غور کرنا ہوگا، پروگرام میں انتھونی جوشوا نے خاص طور پر وائلڈر کی بات کی اور کہا کہ ان کے پاس یہ آخری بیلٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دونوں نے دو مرتبہ ورلڈ چیمپئن بن کر تاریخ رقم کی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہم 2020ء میں اسے اپنے ترکے میں شامل کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی باکسر انتھونی جوشوا نے دوسری بار ہیوی ویٹ ورلڈ ٹائٹل جیت لیا

یاد رہے کہ برطانوی باکسر اینتھونی جوشوا نے میکسیکو نژاد امریکی حریف کو ہرا کر دوسری بار ہیوی ویٹ ورلڈ ٹائٹل جیت لیا تھا۔ ری میچ کا فیصلہ ریفریز کے متفقہ سکور پر ہوا۔

ریاض کے باکسنگ ارینا میں مکے بازی کا بڑا مقابلہ ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن بننے کے لیے برطانیہ کے انتھونی جوشوا اور میکسیکو نژاد امریکی فائٹر اینڈی روئز جونیئر کے درمیان ہوا۔ تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے ارینا میں تگڑا باؤٹ لڑا گیا۔ باکسنگ شائقین ہی نہیں، ماہرین بھی اس میچ سے محظوظ ہوئے۔

بارہ راؤنڈ کے میچ میں دونوں فائٹرز نے دبنگ پرفارمنس دیتے ہوئے پھرتی، مہارت اور طاقت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ چھوٹے قد اور فربہ جسم والے اینڈی روئز پر جوشووا کو برتری حاصل رہی۔ طویل مقابلہ مایہ ناز باکسرز نے سٹیمنا اور جوش کا بڑا امتحان ثابت ہوا۔

 

ایک ایک ٹیکنیکل پوائنٹ کے ساتھ بارہویں اور آخری راؤنڈ کا خاتمہ ہوا۔ ریفریز کے آزادانہ اور خود مختارانہ فیصلے نے برطانیہ کے انتھونی جوشوا کو فاتح قرار دے دیا جس پر انہوں نے زبردست خوشی منائی۔
 
 

 

Advertisement