دنیا کی 11ویں اور 13 ویں بلند ترین چوٹیاں سر کرنے اٹالین کوہ پیماوں کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

Last Updated On 23 December,2019 12:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قراقرم پہاڑی سلسلے میں واقع دنیا کی 11ویں اور 13 ویں بلند ترین چوٹیاں سر کرنے اٹالین کوہ پیماوں کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی، اٹالین کوہ پیماوں کی ٹیم گاشربرم (گشہ بروم ) ون اور ٹو پر سرمائی مہم جوئی کرے گی۔

ذرائع کے مطابق ممتاز اٹالین کوہ پیماوں سائمون مورو اور خاتون کوہ پیما تمارا لونگر پر مشتمل دو رکنی ٹیم کل سکردو پہنچے گی جو پہلے مرحلے میں 8080 میٹر بلند دنیا کی11ویں بلند ترین چوٹی گشہ بروم ون سر کرنے کی کوشش کرے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں 8035 میٹر بلند گاشر برم 2 دنیا کی 13 ویں بلند ترین چوٹی سر کرنے کی کوشش کرے گی۔ 

گاشر برم 2 پہلی بار جولائی 1956 میں آسٹرین ایکسپیڈیشن نے سر کیا تھا جبکہ گاشربرم 1 امریکن کوہ پیماوں کی ٹیم نے جولائی 1958 میں پہلی بار سر کیا تھا. دونوں چوٹیاں 2011 اور 2012 میں سرمائی مہم جوئی کے دوران سر کی جا چکی ہیں. ٹیم 24 دسمبر کو سکردو سے اسکولی روانہ ہو گی. ذرائع کے مطابق خراب موسم کی وجہ سے فلائٹ نہ ہونے پر ٹیم براستہ سڑک اسلام آباد سے سکردو روانہ ہوئی ہے۔