آکلینڈ : (ویب ڈیسک) نامور ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ون سرینا ولیمز، جاپانی ناؤمی اوساکا اور ڈچ کھلاڑی کیرولین وزنیکی نے ڈبلیو ٹی اے آکلینڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا فاتحانہ انداز آغاز کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے نیوزی لینڈ میں خواتین کھلاڑیوں پر مشتمل آکلینڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز رائونڈ 32 میچز میں سرینا ولیمز نے شاندار کارکردگی کی مظاہرہ کرتے ہوئے اٹلی کی حریف کھلاڑی کامیلا جیورگی کو زیر کر لیا۔
امریکی کھلاڑی نے سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-2 سے حریف کھلاڑی کو پچھاڑا اور ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔
ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی نے بھی ابتدائی رائونڈ عبور کر لیا، انہوں نے پائیج ہوریگن کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1 اور 6-0 سے مات دیکر ٹورنامنٹ کا پری کوارٹر فائنل مرحلہ کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
اُدھر ورلڈ نمبر 4 کھلاڑی ناؤمی اوساکا نے یونانی کھلاڑی ماریہ سکارا کو تین سیٹس میں شکست دیدی۔
22 سالہ جاپانی کھلاڑی نے یونانی کھلاڑی کو ہرا کر مسلسل 12 ویں میچ جیتا ہے، وہ گزشتہ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے بعد سے کوئی میچ نہیں ہار سکیں۔ آخری بار انہیں بلیندا بینک نے پچھاڑا تھا۔