مانچسٹر: (دنیا نیوز) فٹبال ایف اے کپ میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے مدمقابل کلب ٹرین میری کے خلاف گولز کا چھکا لگا دیا جبکہ سرفہرست لیورپول کو کمزور ٹیم شیروزبری نے جیت سے محروم کر کے سب کو حیران کر دیا۔
ایونٹ کی نمبر پانچ ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈ نے حریف ٹرین میری رورز کے خلاف گولز کی بھرمار کر دی، دس، تیرہ، اور سولہ منٹ پر گول ہوئے۔ گول، گول اور گول کی مزید آواز گونجتی رہی، خوبصورت ککس اور ہیڈرز سے تماشائی بھی بے حد محظوظ ہوئے۔
چوتھے راؤنڈ کے دوسرے میچ میں حیران کن مقابلہ دیکھنے کو ملا، نمبر ون ٹیم لیورپول کا غیر معروف ٹیم شیروزبری سے جوڑ پڑا، ریڈ شرٹس نے برتری کی دھاک بٹھاتے ہوئے پندرہویں منٹ سبقت حاصل کی، دباؤ کا شکار کمزور ٹیم کی طرف سے اون گول نے اسکور کو ڈبل کر دیا۔
دوسرے ہاف میں گویا تصویر کا دوسرا رُخ نظر آیا، شیروزبری کے کمنگز نے دو گول کر کے حساب برابر کر دیا، جیت سے محرومی پر اسٹارز سے بھری ٹیم کے پرستاروں کو بڑی مایوسی ہوئی۔