سپینش فٹبال لیگ: ریال میڈرڈ نے حریف ٹیم سوِیا کو دو ایک سے ہرا دیا

Last Updated On 19 January,2020 06:50 pm

میڈرڈ: (دنیا نیوز) سپینش فٹبال لیگ میں ریال میڈرڈ نے ایک تیر سے دو شکار کر لیے۔ حریف سوِیا کو دو ایک سے ہرا دیا اور ساتھ ہی روایتی حریف بارسلونا سے پہلا نمبر چھین لیا۔

میڈرڈ کے برنبیو فٹبال سٹیڈیم میں زور کا جوڑ پڑا۔ میچ کا آغاز دفاعی انداز میں ہوا۔ پہلے ہاف میں تابڑ توڑ حملوں کے باوجود کوئی گول نہ ہو سکا۔

کیسمیرو نے ستاونویں منٹ بال کو جال میں ڈال کر ٹیم کو سبقت دلائی جس سے میچ میں بھی جان آئی۔ سات منٹ بعد حریف ٹیم کے ڈی جونگ نے گول کر کے حساب برابر کر دیا۔

اعصاب شکن مقابلے میں پھر کیسمیرو کا دوسرا گول فیصلہ کن ثابت ہوا۔ ریال میڈرڈ کو دو ایک کی جیت کا بڑا انعام ملا۔ روایتی حریف اور سپینش لیگ کی چیمپئن بارسلونا کو پوائنٹ ٹیبل پر دوسرے نمبر کی طرف دھکیل دیا۔