لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ آج ہونگے، قومی ہاکی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ویڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے لیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی ہاکی ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کا پلان بھجوا دیا ہے، یہ ٹیسٹ آج ہوں گے، ٹیسٹ میں لینجز، موڈیفائیڈ پلنک اور پش اپس شامل ہوں گے۔
برپیز، باڈی اسکواٹس اور جمپنگ اسکواٹس بھی اس فٹنس ٹیسٹ کا حصہ ہوں گے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پہلے روز 15 کھلاڑیوں کے ویڈیو ٹیسٹ لیے جائیں گے، مجموعی طور پر 48 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ لیے جائیں گے۔
قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو ایک ایک منٹ کی ویڈیو بنا کر بھجوانے کا کہا گیا ہے، فٹنس ٹیسٹ مکمل ہونے پر کھلاڑیوں کو رمضان کا ٹریننگ پلان دیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کورونا وائرس وبا کی وجہ سے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ملتوی کر دیا گیا تھا، 11 اپریل سے 18 اپریل تک ملائیشیا کے شہر ایپو میں ٹورنامنٹ کھیلا جانا تھا، جس میں ہاکی ٹیم نے بھی شرکت کرنا تھی۔
منتظمین نے کھلاڑیوں کی حفاظت کے پیش نظر اس ایونٹ کو ملتوی کر دیا ہے اور اب یہ ایونٹ 24 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رواں سال کا مینز ہاکی جونیئر ایشیا کپ بھی کورونا وبا کی وجہ سے منسوخ کیا جا چکا ہے، ایشین ہاکی فیڈریشن کے مطابق یہ کپ بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکا میں 4 جون سے 12 جون تک 10 ٹیموں کے درمیان شیڈول تھا۔