روم: (ویب ڈیسک) اٹلی کے فٹبال کلب ایٹلانٹا کے مڈفیلڈر آندریا رینالدی 19 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، آنجہانی کھلاڑی کی عمر صرف 19 سال تھی اور وہ دماغ کو خون پہنچانے والی شریانوں کے پھیلاؤ کے مرض میں مبتلا تھے۔
ایٹلانٹا فٹبال کلب کی جانب سے آندریا رینالدی کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آنجہانی مثبت سوچ کے مالک نوجوان تھے جنھیں ٹیم میں ہر کوئی پسند کرتا تھا۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ آندریا رینالدی کو تین دن قبل مرض کا اٹیک ہوا تھا، تاہم وہ اس سے لڑتے ہوئے جانبر نہ ہو سکے۔ اطالوی میڈیا کے مطابق نوجوان کھلاڑی کی موت ہسپتال میں ہوئی جہاں وہ گزشتہ دنوں سے زیر علاج تھے۔
آندریا رینالدی صرف 13 سال کی عمر سے ایٹلانٹا فٹبال کلب سے منسلک تھے۔ انہوں نے انڈر 17 لیگ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کی اور سپر کپ 2016ء کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔