کرسٹیانو رونالڈو ایک ارب ڈالر کمانے والے پہلے فٹبالر بن گئے

Last Updated On 05 June,2020 06:02 pm

لزبن: (دنیا نیوز) کرسٹیانو رونالڈو کھیل کے میدان سے ایک ارب ڈالر کمانے والے پہلے فٹبالر بن گئے۔ پرتگالی فٹبالر نے 65 کروڑ ڈالر سے کھیل سے اور 35 کروڑ ڈالر اشتہار کی مد میں کمائے۔ رونالڈو، مے ویدر اور ٹائیگر ووڈ کے بعد یہ اعزاز پانے والے تیسرے کھلاڑی بن چکے ہیں۔

تفصیل کے مطابق حریف کو چکما دینے اور بال کو ہدف تک پہنچانے میں یکتا معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور ناقابل تسخیر ہدف عبور کر لیا ہے۔ پرتگالی فٹبالر کھیل کے میدان سے 1 ارب ڈالر کمانے والے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔

فوربز میگزین کے مطابق 35 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے 20 برس پر مشتمل کیرئیر میں 65 کروڑ ڈالر کھیل کے میدان سے کمائے جبکہ 35 کروڑ ڈالر اشتہارات کی مد میں حاصل کیے۔

رونالڈو اس سے پہلے 2016ء اور 2017ء میں دنیا کے سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑی بھی رہ چکے ہیں جبکہ گزشتہ سال وہ کمائی کے لحاظ سے سوئس ٹینس سٹار روجر فیڈرر کے بعد دوسرے نمبر پر رہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاک ڈاؤن میں سب سے زیادہ کمائی کرنیوالوں میں رونالڈو آگے، میسی دوسرے نمبر پر رہے

ادھر ایک اور خبر کے مطابق لاک ڈاؤن میں کھیلوں کے میدان تو ویران رہے لیکن کھلاڑی سوشل میڈیا پر اِن ایکشن رہے۔ سب سے زیادہ کمائی کرنے والوں میں کرسٹیانو رونالڈو آگے، لیونل میسی دوسرے اور نیمار تیسرے نمبر پر رہے، ٹاپ ٹین میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی بھی شامل ہیں جنہیں چھٹی پوزیشن ملی۔

جان لیوا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کی وجہ سے میدان ویران ہوئے تو کھلاڑی سوشل میڈیا پر ایکٹو ہو گئے۔ زیادہ فالوورز کا مقابلہ کرسٹیانو رونالڈو نے جیت لیا۔ اپنی منفرد پوسٹس سے اٹھارہ لاکھ بیاسی ہزار تین سو چھیتس پاؤنڈ کی ریکارڈ کمائی کی۔

مایہ ناز فٹبالر کے روایتی حریف لیونل میسی کی آمدن بارہ لاکھ ننانوے ہزار تین سو تہتر پاؤنڈ رہی، تیسرے نمبر پر براجمان سپر اسٹار نیمار جونیئر سوشل میڈیا کمائی سے گیارہ لاکھ بانوے ہزار دو سو گیارہ پاؤنڈ حاصل کرنے لگے۔

امریکی باسکٹ بال پلیئر او نیال چوتھے اور فٹبال لیجنڈری ڈیوڈ بیکھم اس میدان میں پانچویں نمبر کے کھلاڑی بن گئے، بھارتی کرکٹ کپتان ویرات کوہلی کو سوشل میڈیا میچ میں چھٹی پوزیشن ملی، اسٹار بلے باز کو انسٹاگرام سے تین لاکھ اناسی ہزار دو سو چورانوے پاؤنڈ کا مال آنے لگا۔