سعودی خواتین فٹبال کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے لگیں

Published On 14 October,2020 06:42 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی خواتین زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ وہ چاہے تعلیم ہو یا کھیل کا میدان، ان کا جذبہ پرجوش ہے۔ کھیلوں کے میدان میں ابھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہی ہیں۔

عرب نیوز نے ایسی سعودی خواتین کا انٹرویو کیا ہے جو کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں اور اپنی مملکت کا نام دنیا بھر میں روشن کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

ان میں سرفہرست نام 22 سالہ طالبہ ھالہ منصوری کا ہے جن کا بچپن امریکا میں گزرا۔ وہاں انہوں نے صرف 6 سال کی عمر سے ہی فٹبال کھیلنا شروع کر دیا تھا۔

سعودی عرب واپس آنے کے بعد انہوں نے اپنے کھیل کے جنون کو جاری رکھا، اس سخت محنت کا ہی نتیجہ ہے کہ انھیں جدہ ایگلز کلب میں گول کیپر کی حیثیت سے شامل کر لیا گیا ہے۔ ھالہ منصوری کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ انھیں بچپن سے ہی فٹبال اور باسکٹ بال کھیلنے کا شوق تھا، مملکت واپسی پر انہوں نے اسے جاری رکھا اور فٹبال پر زیادہ توجہ دی۔

ھالہ منصوری کا مزید کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ خواتین کو کھیلوں میں اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے میں بہت زیادہ سپورٹ ملی ہے اور ہمارے اہل خانہ ایسا کرنے پر ہم پر فخر کر سکتے ہیں۔
 

Advertisement