اسلام آباد: (دنیا نیوز) مرحوم کافی عرصہ سے علالت کا شکار تھے۔ انہوں نے 1968ء اولمپک میں گولڈ، 1972 اولمپک میں سلور اور 1976ء اولمپک میں برونز تمغا جیتا جبکہ 1971ء کے ہاکی ورلڈ کپ میں فاتح پاکستان ٹیم کی نمائندگی کی۔
پاکستان کے سابق ہاکی اولمپئین عبدالرشید جونیئر 73 سال کی عمر میں اسلام آباد میں وفات پا گئے ہیں۔ وہ کافی عرصہ سےعلیل تھے اور انھیں ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
رشید جونیئر کا شمار انٹرنیشنل ہاکی کے صفِ اول کے سینٹر فارورڈز میں ہوتا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ 1994ء میں عالمی کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے مینجر بھی تھے جبکہ اسی سال پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی بھی جیتی تھی۔ یہ منفرد اعزاز بھی ان ہی کے حصے میں آیا تھا۔
بی بی سی کے مطابق رشید جونیئر دنیا کے ان تین کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنھوں نے اولمپکس میں طلائی، چاندی اور کانسی کے تمغے جیتے تھے۔ ان کے علاوہ یہ اعزاز انڈیا کے پرتھی پال سنگھ اور وکٹر جان پیٹر کو حاصل ہے۔ رشید جونیئر نے 89 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 96 گول کیے۔ وہ ’شارپ شوٹر‘ اور ’کنگ آف دی ڈی‘ کے نام سے مشہور تھے۔ انھیں حکومت پاکستان نے انھیں پرائیڈ آف پرفارمنس کے ایوارڈ سے نوازا تھا۔