لاہور: (روزنامہ دنیا) پاکستان باکسنگ فیڈریشن اور پنجاب ایسوسی ایشن کے تنازعات منظر عام پر آگئے۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے عابد باکسر کو بطور صدر پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن ماننے سے انکار کردیا۔
پی بی ایف نے پنجاب باکسنگ کے 15 جنوری کو ہونے والے اجلاس کو غیر آئینی قرار دے دیا۔ سیکرٹری پی بی ایف کرنل (ر) ناصر اعجاز کا کہنا ہے کہ پی بی ایف کو جنرل کونسل کے اجلاس کا کوئی نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا، فیصل آباد اور ڈیرہ غازی خان کے بھی عہدیداروں کو اجلاس کا علم نہیں تھا۔
پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شرجیل ضیا بٹ کا کہنا ہے کہ 15 جنوری کو اجلاس میں سب لوگ شریک ہوئے۔ حاجی خالد محمود پی بی ایف اور پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن دونوں کے صدر ہیں، یہ میرا اکیلے کا نہیں بلکہ پورے ہاؤس کا فیصلہ ہے۔
سیکرٹری فنانس طارق گجر نے کہا کہ 15 جنوری کے اجلاس میں 7 عہدیدار موجود تھے جبکہ کچھ آن لائن شریک تھے ۔ تمام لوگوں نے متفقہ طور پر عابد باکسر کو صدر منتخب کیا۔