اسرائیلی مظالم کے شکار مظلوم فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کے لیے کراچی میں سائیکل ریلی

Published On 23 May,2021 10:46 am

کراچی: (دنیا نیوز) اسرائیلی مظالم کے شکار مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں سائیکل ریلی نکالی گئی، منتظمین کا کہنا تھا کہ احتجاج کے ساتھ ساتھ فلسطینی عوام کی مالی مدد بھی ضروری ہے۔

فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی جارحیت کیخلاف سائیکل ریلی سی ویو سے شروع ہوئی اور کلفٹن سے ہوتی ہوئی کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کے لیے ان کی ہی سرزمین قید خانہ بن چکی ہے، اسرائیلی حملوں کے باعث فلطسین کے عوام کھلے آسمان تلے زندگیاں گزار رہے ہیں، مظلوم عوام خوراک اور صحت کی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہیں، درد کی اس گھڑی میں ہمیں ان کی ہر ممکن مالی مدد کرنا چاہئے۔

شرکا نے مزید کہا کہ یہ دور جنگ نہیں بلکہ سفارتکاری کا ہے،اقوام عالم کو اسرائیل پر دباؤ بڑھا کر پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کرنا ہوگا، پچاس سے زائد سائیکل سوار ریلی کے شرکا نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کو پر امن طور پر حل کرنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔
 

Advertisement