شگر: (دنیا نیوز) بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ کے ٹو پر مہم جوئی کیلئے روانہ ہو گئی ہیں۔
ثمینہ بیگ 6 رکنی ممبران کیساتھ شگر سے کے ٹو بیس کیمپ کیلئے روانہ ہوئی ہیں۔ کے ٹو ڈریم مہم 2021ء مہم جوئی کی قیادت کرینگے۔ ضلعی انتظامیہ شگر کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر شگر وقاص جوہر نے ٹیم کو رخصت کیا۔
مہم میں حصہ لینے والے تمام ممبران پاکستانی ہیں۔ ثمینہ بیگ کا کہنا تھا کہ اس مہم سے مقامی کوہ پیماؤں میں اعتماد پیدا ہوگا۔ اس مہم جوئی کا مقصد نسوانی حقوق اور مساویانہ حق کیلئے آگاہی ہے۔ مہم جوئی کی کامیابی کیلئے پاکستانی قوم سے دعا کی اپیل ہے۔
ثمینہ خیال بیگ ستمبر 1990ء میں گلگت بلتستان کے ضلع گوجال میں 3100 میٹر کی بلندی پر واقع شمشال میں پیدا ہوئی تھیں۔ کوہ پیمائی کا باقاعدہ آغاز انہوں نے 2009ء میں کیا تھا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق انہوں نے کچھ ایسی چوٹیاں بھی سر رکھی ہیں جن پر ثمینہ سے پہلے کوئی نہیں پہنچ پایا تھا۔ ان میں شمشال میں واقع چسکین سر پیک (6400 میٹر) قابلِ ذکر ہے، جسے ثمینہ نے 2010 میں اپنے بھائی علی مرزا کے ساتھ سر کیا اور بعد میں اس چوٹی کا نام تبدیل کر کے ’ثمینہ پیک‘ رکھا گیا۔
2013ء میں ماؤنٹ ایورسٹ سر ہونے کے 60 سال پورے ہوئے تو یہ خیال آیا کہ اس دوران کسی پاکستانی خاتون نے ایورسٹ یا آٹھ ہزار سے بلند چوٹیوں میں سے کسی بھی چوٹی کو سر کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔
لہذا جب ثمینہ نے کوہ پیمائی کا آغاز کیا تب ہی انھوں نے فیصلہ کیا کہ وہ 2013ء میں ایورسٹ کو سر کرنے کی کوشش کریں گی۔
آخرکار 34 گھنٹوں کی مسلسل کوہ پیمائی کے بعد 19 مئی 2013ء کی صبح ثمینہ بیگ نے نیپال میں واقع دنیا کے سب سے اونچے پہاڑ کو سر کر لیا۔