نوواک جوکووچ ویمبلڈن ٹورنامنٹ جیتنے کیلئے پرعزم

Published On 27 June,2021 05:07 pm

لندن: (ویب ڈیسک) عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ ویمبلڈن ٹورنامنٹ جیتنے کیلئے پرعزم ہیں۔ خیال رہے کہ یہ اہم ٹورنامنٹ 28 جون سے شروع ہونے والا ہے۔

نوواک جوکووچ اس سیزن میں اب تک 9واں آسٹریلین اوپن اور دوسرا فرنچ اوپن جیت چکے ہیں۔ وہ اب اور چھٹا ومبلڈن ٹائٹل اور 20واں گرینڈ سلیم اپنے نام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے مقابلے کیلئے بھرپور تیار کر رکھی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی بھی چیز ناممکن نہیں ہے۔

خیال رہے کہ نوواک جوکووچ اگر ویمبلڈن ٹورنامنٹ جیت جاتے ہیں تو وہ ایک ہی سیزن میں تمام گرینڈ سلیم جیتنے کا عالمی ریکارڈ برابر کر دیں گے۔ دنیائے ٹینس کے ممتاز کھلاڑی راجر فیدرر اور رافیل ندال بھی ابھی تک یہ کارنامہ سرانجام نہیں دے سکے ہیں۔

اس سے قبل صرف دو کھلاڑی ہی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ اس سے قبل ڈان بج 1937ء میں جبکہ راڈ لیور 1962ء اور 1969ء میں یہ تاریخی فتح اپنے نام کی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال کورونا کی وبا کے باعث ویمبلڈن کو منسوخ کر دیا گیا تھا، اس طرح وہ 2020ء میں اپنے اعزاز کے دفاع سے محروم رہے تھے۔

نوواک جوکووچ نے 2019ء میں راجر فیدرر کو شکست دے کر پانچویں بار ومبلڈن کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

انہوں نے آخری 11 گرینڈ سلیم ایونٹس میں سے 7 میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ وہ اپنے 20 واں گرینڈ سلیم جیتے سے ایک ٹائٹل کی دوری پر ہیں، یہ اعزاز راجر فیدرر اور رافیل ندال کے پاس ہے۔
 

Advertisement