نفرت کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی، برطانوی فٹبال کھلاڑی جدون سانچو

Published On 14 July,2021 11:13 pm

لندن: (ویب ڈیسک) متعصبانہ رویے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے برطانوی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی جدون سانچو نے کہا ہے کہ نفرت کو کبھی کامیابی نہیں مل سکتی۔

خیال رہے کہ جدون سانچو اور ان کے ساتھی کھلاڑیوں کو یورو کپ 2020ء کے فائنل میں اٹلی کے ہاتھوں شکست کے بعد انتہائی گھٹیا قسم کے متعصبانہ رویے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یورو کپ 2020ء کے فائنل میچ میں ناکامی کے بعد اکیس سالہ جدون سانچو، 23 سالہ مارکس ریشفورڈ اور 19 سالہ بوکایو ساکا کو سوشل میڈیا پر شدید نفرت انگیز رویے کا سامنا کرنا پڑا تھا کیونکہ ان تینوں کھلاڑیوں نے پلنٹیز کو ضائع کر دیا تھا۔

برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن، فٹبال ایسوسی ایشن اور ٹیم مینجر گیرتھ ساؤتھ گیٹ نے ان نوجوان کھلاڑیوں کیساتھ روا رکھے جانے والے رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔

جدون سانچو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری بیان میں لکھا کہ ہمارے معاشرے کے اندر بہتری کی ضرورت ہے جبکہ ایسا رویہ رکھنے والوں کو جوابدہ کیا جانا چاہیے۔

شکست کے بعد اپنی پہلی سوشل میڈیا پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مجھے اور میرے ساتھی سیاہ فام کھلاڑیوں کیساتھ ایسا متعصب رویہ پہلی مرتبہ نہیں ہوا۔ ہمیں پہلے بھی ان چیزوں کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے تمام سیاہ فام نوجوانوں سے کہا کہ وہ ایسے رویوں سے دل برداشتہ نہ ہوں، اپنا سر جھکنے نہ دیں اور اپنے خوابوں کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں۔
 

Advertisement