یورو 2020 فیصلہ کن مرحلے میں داخل، 8 ٹیمیں کوارٹر فائنل میں مدمقابل ہونگی

Published On 30 June,2021 11:08 pm

لندن: (ویب ڈیسک) فٹبال کے کھیل کا مشہور ایونٹ یورو 2020 اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ 8 ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہیں، پہلا مقابلہ سپین اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان ہوگا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بروز جمعہ مورخہ 2 جولائی کو سینٹ پیٹرزبرگ میں دونوں ٹیموں سوئٹزرلینڈ اور سپین کے درمیان میدان سجے گا جبکہ میونخ میں بیلجیئم اور اٹلی کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔

ہفتے کے روز آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں چیک ری پبلک اور ڈنمارک کی ٹیموں کے درمیان تیسرا کوارٹر فائنل میچ ہوگا جبکہ چوتھا میچ روم میں یوکرین اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

یورو کپ 2020 کے دونوں سیمی فائنلز بالترتیب 6 اور 7 جولائی کے روز لندن میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل مقابلہ بھی اسی تاریخی شہر میں منعقد ہوگا۔ خیال رہے کہ یورو کپ کا شمار ورلڈ کپ کے بعد فٹبال کا دوسرا بڑا ایونٹ سمجھا جاتا ہے۔

سپین 3 مرتبہ یورو کپ کا فائنل جیت چکی ہے جبکہ ڈنمارک، چیک ری پبلک اور اٹلی دوسری مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گی۔ کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی ٹیمیں یوکرین، بیلجئیم، انگلینڈ اور سوئٹرزلینڈ آج تک ٹرافی نہیں جیت سکی ہیں۔
 

Advertisement