ٹوکیواولمپکس کا رنگارنگ میلہ اختتام پذیر،امریکا میڈلزکی دوڑمیں سب سےآگے

Published On 08 August,2021 10:02 pm

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں جاری کھیلوں کے عالمی مقابلوں اولمپکس کا رنگا رنگ میلہ اختتام کو پہنچ گیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ٹوکیو اولمپکس کی اختتامی تقریب میں بھی شائقین شریک نہیں تھے۔

ٹوکیو اولمپکس میں شریک تمام ملکوں کے پرچم تھامے افراد نے میدان میں ایک گول دائرہ بنایا۔ اولمپکس کمیٹی کے سربراہ تھامس باخ نے عالمی وبا کورونا وائرس کے باوجود اسے کامیابی قرار دیا۔

خیال رہے کہ امریکا نے ٹوکیو اولمپکس میں سب سے زیادہ تمغے جیت کر میدان مارا، امریکی کھلاڑیوں نے 100 سے زائد تمغے جیتے۔ امریکی کھلاڑیوں نے سونے کے 39، چین نے 38 جبکہ جاپان نے 28 تمغے جیتے۔

امریکا نے 39 طلائی، 41 چاندی اور 33 کانسی کے تمغے جیتے۔ اس طرح امریکی کھلاڑیوں نے ٹوکیو اولمپکس میں کل ایک سو تیرہ تمغے حاصل کیے۔

چین کو 38 طلائی، 32 چاندی اور 18 کانسی کے تمغے حاصل ہوئے۔ چین نے ٹوکیو اولمپکس میں مجموعی طور پر 88 تمغے حاصل کیے۔

روسی کھلاڑیوں نے 71 میڈل جیتے جبکہ 65 تمغوں کے ساتھ برطانیہ چوتھے نمبر پر رہا۔ جاپان کل 58 تمغوں کے لحاظ سے پانچویں نمبر پر آیا۔