کینبرا: (ویب ڈیسک) غیر ویکسین شدہ ٹینس کھلاڑیوں کو گرینڈ سلیم کے آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ میں کھیلنے کے لیے ممکنہ طور پر ویزا نہیں ملے گا۔ ایک مقامی افسر نے یہ بتاتے ہوئے ٹینس چیمپئن نوواک جوکووچ کی ٹورنامنٹ میں شرکت کو خدشے میں مبتلا کر دیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا کے سربراہ ڈین اینڈریوز کا کہنا ہے کہ جنوری میں ہونے والے گرینڈ سلیم کے اس مقابلے میں کھیلنے والوں کے لیے وہ آسٹریلیا کے کورونا وائرس ویکسین کے قوانین میں کسی قسم کے استثنیٰ کی توقع نہیں رکھتے۔ میرا نہیں خیال کہ کسی غیر ویکسین شدہ کھلاڑی کو اس ملک میں آنے کے لیے ویزا دیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وائرس کو آپ کی ٹینس رینکنگ کی کوئی پروا نہیں، نہ ہی اسے یہ خیال ہے کہ آپ نے کتنے گرینڈ سلیم جیتے ہیں۔ کسی کو ویزا نہیں ملا تو اسے کچھ ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں جانا پڑے گا جبکہ دوسرے کسی کھلاڑی کو نہیں کرنا ہو گا۔
ٹینس کی دنیا کے نامور کھلاڑی نوواک جوکوویچ نے علانیہ طور پر ویکسین کی مخالفت کی ہے اور انہوں نے اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ انہیں ویکسین لگی ہے یا نہیں۔ نوواک جوکوویچ نے یکِے بعد دیگرے تین آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ جیتے ہیں اور اب میلبورن میں 21 واں گرینڈ سلیم جیتنے کی کوشش کریں گے۔
آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ موٹر ریس کی تقریب، فارمولا ون کی آسٹریلین گرینڈ پری، میں بھی شرکت کے خواہاں افراد کو ویکسین لگوانا ہو گی۔ گرینڈ پری اپریل میں ہے، میرا نہیں خیال کہ اس میں ایسے لوگ ہوں گے جنہیں (ویکسین کی) دو خوراکیں نہیں لگی ہوں گی۔