نیویارک: (ویب ڈیسک) کینیڈا کی نوجوان کھلاڑی لیلا فرنینڈز یو ایس اوپن کے سیمی فائنلز میں پہنچ گئی ہیں۔ انہوں ایلینا سویتولینا کو اس اہم معرکے میں شکست دی۔ ان کا سیمی فائنلز میں آرینا سیبلینیکا کیساتھ مقابلہ ہوگا۔
19 سالہ کینیڈین کھلاڑی فرنینڈز نے اس اہم کو جیتنے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرتے ہوئے اپنی مدمقابل کھلاڑی ایلینا سویتولینا کو چھ تین، تین چھ اور سات چھ (سات پانچ) سے شکست دی۔
خیال رہے کہ لیلا فرنینڈز نے ٹینس میں پے در پے کامیابیوں سے پوری دنیا کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ اس سے قبل یہ نوجوان کھلاڑی ناؤمی اوساکا، انجلیق کربر اور اب اولمپک میں براؤنز میڈل حاصل کرنے والی سویتولینا کو شکست دے کر یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔
لیلا فرنینڈز کا فتح کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھا کہ میرے کامیابی کے احساسات کو الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہے۔ میں پورے میچ میں دباؤ کا شکار رہی لیکن بالاخر جیت کو اپنے نام کر لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں بہت خوش ہوں کہ میرے مدمقابل ایلینا سویتولینا جیسی قابل احترام کھلاڑی کھیل رہی تھیں۔ اپنے سامنے ٹینس کی بہترین کھلاڑی کی وجہ سے ہی مجھے اپنی کارکردگی دکھانے کا موقع ملا۔
خیال رہے کہ لیلا فرنینڈز یو ایس اوپن کے سیمی فائنلز تک رسائی حاصل کرنے والی دنیا کی سب سے کم عمر ترین ٹینس کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل 2005ء میں ماریا شیراپوا نے اپنی 19ویں سالگرہ کے ایک دن بعد یہ تاریخ رقم کی تھی۔