بڈاپسٹ: (دنیا نیوز) ٹاپ سیڈ یولیا پٹنسیوا اور انگلینہ کلینا نے جیت کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ہنگری لیڈیز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
سیمی فائنل میں یولیا پٹنسیوا نے ڈیلما گلفی اور انگلینہ کلینا نے ڈینیلی کولنز کو شکست دی۔ ہنگری لیڈیز اوپن کے دلچسپ مقابلے بڈاپسٹ میں جاری ہیں۔
سنگلز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ قزاخستان کی یولیا پٹنسیوا نے ہنگری کی ڈیلما گلفی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-6 ، 6-3 اور 2-6 سے ہرا کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔
دوسرے سیمی فائنل میں یوکرین کی انگلینہ کلینا کو امریکا کی ڈینیلی کولنز کے خلاف واک اوور مل گیا۔ پہلے سیٹ میں انگلینہ نے 6-7 سے کامیابی حاصل کی تاہم دوسرے سیٹ کے دوران ڈینیلی کولنز انجری کے باعث کھیل جاری نہ رکھ سکیں اور میچ سے دستبردار ہو گئیں۔
دوسری جانب ٹاپ سیڈ تیمارا زیڈنیسکا اور کلارا بریل نے شاندار کارکردگی کی بدولت لوزان لیڈیز اوپن ٹینس کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔
تیمارا زیڈنیسکا نے سیمی فائنل میں مرینا زینویسکا اور کلارا بریل نے کیرولین گارشیا کو شکست دی۔ ڈبلیو ٹی اے کے زیر اہتمام لیڈیز اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے لوزان میں جاری ہیں۔
سنگلز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ سلوینیا کی تیمارا زیڈنیسکا نے بیلجیئم کی مرینا زینویسکا کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی اور فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ ان کی جیت کا سکور 5-7 اور 3-6 رہا۔
ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس کی کلارا بریل نے کیرولین گارشیا کے خلاف دلچسپ مقابلے کے بعد 7-5 ، 2-6 اور 2-6 سے کامیابی حاصل کی۔