اسلام آباد:(دنیا نیوز)وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ کےسب سےبڑےکھلیوں کےپروگرام کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیوکاافتتاح کردیا ہے جس میں 15 سے25 سال کےنوجوان حصہ لیں گے۔
وزیراعظم عمران خان جناح سٹیڈیم پہنچے جہاں پر انہوں نے مشعل جلا کر سپورٹس میلے کا آغاز کردیا،میلے میں 3300 نوجوان،2700 لڑکیاں حصہ لےرہی ہیں جبکہ4 ارب روپےکے4 نئےمنصوبوں کا آغاز بھی کردیا گیا ہے اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں 6 ہزار اتھلیٹ حصہ لے رہے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک بھر میں گراؤنڈز کا جال بچھائیں گے، خیبرپختونخوا میں 300 اور پنجاب میں 260 گراؤنڈز بناچکے ہیں،کوشش ہے پاکستان عالمی مقابلوں میں بھرپور حصہ لے،نوجوانوں کو پیغام ہے آپ ہارتےتب ہیں جب ہار کردل برداشتہ ہوکر ہاتھ کھڑے کردیتےہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس کی نئی پالیسی لے کر آئے ہیں،کوشش ہے پاکستان کے نوجوان انٹرنیشنل سپورٹس میں شرکت کریں،نیوزی لینڈ کی 50 لاکھ کی آبادی ہے، وہاں پر پاکستان سےزیادہ گراؤنڈزہیں،نوجوانوں کیلئے سب سے پہلے گراؤنڈز بنائیں گے،سپورٹس سے انسان کومشکلات سے لڑنا آتا ہے جبکہ کھیلوں سے آپ مقابلہ کرنا سیکھتے ہیں اورہارتےتب ہیں جب آپ ہارنےکے بعددل برداشتہ ہوکر ہاتھ کھڑے کردیتےہیں،ہارنے سے دل برداشتہ نہیں ہوتے بلکہ ہار سے سیکھنا چاہیئے،زندگی کے21 سال انٹرنیشنل سپورٹس کی گراؤنڈزمیں گزارے ہیں۔
واضح رہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار کامیاب جوان پروگرام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے نوجوانوں کو غیر نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل رکھنے کے لئے چار ارب روپے کے 4 نئے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جس میں کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو جیسا میگا پراجیکٹ بھی شامل ہے۔
پاکستانی کے مقامی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر مواقع فراہم کرنے اور کامیاب بنانے کے لئے منصوبے کے پہلے فیز میں 12 کھیل بشمول ہاکی، کرکٹ، فٹ بال، ہینڈ بال، ریسلنگ، ویٹ لفٹنگ، اسکواش، والی بال، اسکی ، جوڈو، باکسنگ اور ایتھلیٹکس شامل ہیں۔مہم میں ملک بھر میں 11 سے 25 سال کے نوجوانوں بشمول خواتین کے لئے کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔
کھیلوں کے یہ مقابلے ملک کے تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے 25 علاقہ جات میں منعقد کئے جائیں گے اور ایک کروڑ نوجوانوں کو سیلکشن کے عمل سے گزارا جائے گا۔ کھیلوں میں کامیابی حاصل کرنے والےنوجوانوں کو عالمی معیار کی پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی۔