اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیالکوٹ میں مشتعل مظاہرین کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے مقتول سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے بھائی کمال کمارا نے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے وزیر اعظم پاکستان عمران خان حملہ آوروں کے خلاف سنجیدہ اقدام کریں گے۔
عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمال کمارا نے کہا کہ سری لنکن حکومت مقتول کی مالی امداد کے لئے پاکستان حکومت اورفیکٹری مالک سے رابطہ کرے۔ مقتول کے پسماندگان تنہا ہوگئے ، دوبچوں کو تعلیم حاصل کرنی ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقتول حملہ آوروں سے کہوں گا ایسے غیر انسانی حملے مت کرو، ہم سب انسان ہیں، ایک دوسرے کےمذہب کا احترام کرنا چاہیے۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمیں امید ہے وزیر اعظم پاکستان حملہ آوروں کے خلاف سنجیدہ اقدام کریں گے۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا تھا، مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگادی تھی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں امن وامان کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وزیرداخلہ شیخ رشید اور وزیراعلیٰ پنجاب سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اور وزیراعظم عمران خان کو سیالکوٹ واقعہ پر بریفنگ دی گئی اور رپورٹ پیش کی گئی، جب کہ وزیر اعظم کے مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے ارکان کو قومی سلامتی پالیسی پر بریفنگ دی ۔
وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ سانحہ سیالکوٹ نے ہمارا سر شرم سے جھکا دیا ہے، ملزمان کو قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے، آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی بنائی جائے۔
دونوں ممالک کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے: سری لنکن ہائی کمشنر
دوسری جانب سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ افسوسناک ہے، پاکستانی حکومت نے فوری ایکشن لیا، واقعے سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے، حکومت پاکستان کی اب تک کی کارروائی سے مطمئن ہیں۔
پی ٹی آئی قیادت نے سری لنکن ہائی کمیشن جاکر سیالکوٹ واقعہ پر اظہار تعزیت کیا۔ وفد کی قیادت جنرل ریٹائرڈ خالد نعیم لودھی نے کی۔ وفد نے کہا کہ سری لنکن مینجر کے قتل کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، دکھ کا اظہار الفاظ میں ممکن نہیں، پوری قوم اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتی ہے، پوری پاکستانی قوم سری لنکن منیجر کے قتل پر رنجیدہ ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے سری لنکن حکام کو یقین دلایا کہ اس جرم میں شامل ہر ایک شخص کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ذمہ دران کو پاکستانی قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔
سری لنکا کے ہائی کمشنر نے کہا کہ ملزمان کے خلاف پاکستان کی فوری کارروائی سے یقین ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف ملے گا۔ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات بہترین رہے ہیں، ان پر کوئی آنچ نہیں آئے گی۔
لاش سری لنکا روانہ
ادھر سیالکوٹ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے سری لنکن شہری پریانتھاکی لاش سری لنکا بھجوا دی گئی۔ لاہور ائیر پورٹ پر مشیر وزیر اعظم طاہر اشرفی اور صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم نے لاش کو جہاز تک پہنچایا۔ سری لنکن باشندے کی لاش سری لنکن ائیر لائن یو ایل 186 کے ذریعے کولمبو روانہ کی گئی۔
لاہور ائیر پورٹ پر صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور اعجاز عالم، سری لنکن سفارت خانے کے نمائندے، فارن آفس کے افسران اور متعلقہ ادارے کے لوگ موجود تھے۔
لاہور ائیرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے وزیر اعظم کے مشیر برائے مذہبی امور طاہر اشرفی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، سری لنکن حکومت کو یقین دلاتے ہیں کہ انصاف کیا جائے گا۔
پولیس نے گزشتہ رات سری لنکن باشندے کی لاش سری لنکن حکام کے حوالے کر دی تھی، جو ایئرپورٹ کے کارگو سیکشن میں رکھی گئی تھی۔