لاہور:(دنیا نیوز)47ویں آرمی پولو اور ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی، تین کیٹیگریز میں7 کور کی ٹیموں نے حصہ لیا ۔
چیمپئن شپ 13 سے 23 دسمبر 2021 تک لاہور گیریژن میں شیڈول کی گئی ، ہر ٹیم میں 4 پولو کھلاڑی شامل تھے ،راولپنڈی کور کی ٹیم نے ہائی گول کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی ،کم گول کے فائنل میں گوجرانوالہ کور کی ٹیم نے راولپنڈی کور کی ٹیم کو شکست دے کر فتح حاصل کی ۔
انفرادی لانسرز، پیئرز اور سیکشنز کی کیٹیگریز شامل تھیں،لاہور کور کی ٹیم کے لیفٹیننٹ کرنل تبسم ضیا نے انفرادی کیٹگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی ،پیئر لانس انسپکٹر سلیم الرحمان اور لاہور کور ٹیم کے سب انسپکٹر رحمت نادر نے پہلی پوزیشن حاصل کی ،سیکشن کیٹیگری میں لیفٹیننٹ کرنل تبسم کی قیادت میں لاہور کور کی ٹیم نے منگلا کور کی ٹیم کو شکست دے کر فتح اپنے نام کی ۔
ٹورنامنٹ کا اختتام ایک شاندار اور رنگا رنگ تقریب کے ساتھ ہوا جو لاہور گیریژن کے پاکستان پارک پولو گراؤنڈ میں منعقد ہوئی ،کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیاء ہلال امتیاز (ملٹری)مہمان خصوصی تھے ،تقریب کا آغاز آرمی براس بینڈ کے سریلی قومی ترانے سے ہوا ،مہمان خصوصی نے پولو کے معیار کو سراہا اور ونر اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کیں ۔
تقریب کا اختتام روایتی پرچم اتارنے کی تقریب کے ساتھ ہوا ،تمام حصہ لینے والی ٹیموں نے ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد اور روایتی مہمان نوازی پر لاہور کور کا شکریہ ادا کیا۔