نلتر میں سعدیہ خان اور چلڈرن اسکی کپ کا انعقاد

Published On 01 March,2022 07:39 pm

ہنزہ:(دنیا نیوز) پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) اسکی ریزورٹ نلتر میں سعدیہ خان اور چلڈرن اسکی کپ کا انعقاد کیا گیا جو کہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

اسکیئنگ کے دلدادہ اور مقامی لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے یہ سنسنی خیز اور شاندار مقابلے دیکھے، ملک بھر سے نامور اسکیئرز نے ریس کے سلالم اور جائنٹ سلالم کیٹیگریز میں جگہ بنانے کے لیے بھر پور مقابلہ کیا۔

خواتین اسکیئرز اور نوجوان ایتھلیٹس نے منجمد درجہ حرارت میں خطرناک ڈھلوانوں پر اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ نے اس ریزورٹ کو بین الاقوامی معیار پر لانے کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کی ہے۔

خیال رہے کہ اس ایونٹ کو ایک نوجوان اسکیئر سعدیہ خان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے جو 24 سال کی عمر میں ایک کار حادثے میں وفات پا گئیں تھیں، یہ ٹورنامنٹ ملک بھر سے خواتین اسکیئرز کو اپنی جسمانی اور ذہنی استعداد کو بروئے کار لانے کے لئے منعقد کیا جاتا ہے۔
 

Advertisement