16 سالہ احسن رمضان نے ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیت لی

Published On 11 March,2022 08:34 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) کھیل کے میدان سے اچھی خبر آئی ہے جہاں پر پاکستان کے16 سالہ احسن رمضان نے انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ سنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔

 احسن رمضان نے قطر کے دارالخلافہ دوحا میں ہونے والی انٹرنیشنل بلیئرڈز سنوکر فیڈریشن کی عالمی سنوکر چیمپیئن شپ کے فائنل میں اپنے سے کہیں زیادہ تجربہ کار کھلاڑی ایران کے عامر سرکوش کو پانچ کے مقابلے میں چھ فریم سے شکست دیدی۔

 فائنل انتہائی دلچسپ رہا جس میں عامر سرکوش نے چوتھے فریم میں سنچری بریک بھی کھیلا اور ایک مرحلے پر انھوں نے دو کے مقابلے میں چار فریم کی سبقت بھی حاصل کرلی تھی جو آگے بڑھتے ہوئے پانچ تین کی ہوگئی تھی اور انھیں جیتنے کے لیے صرف ایک فریم درکار تھا لیکن نوجوان احسن رمضان نے اپنے اعصاب پر قابو پاتے ہوئے نہ صرف مقابلہ پانچ پانچ فریم سے برابر کیا بلکہ فیصلہ کن فریم میں 25 کے مقابلے میں 67 پوائنٹس سے اپنے حریف کو زیر کرلیا۔

 وہ ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیتنے والے تیسرے کم عمر کھلاڑی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے چوتھی مرتبہ ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتا ہے، اس سے قبل محمد آصف دو بار اور محمد یوسف ایک بار ورلڈ چیمپئن بن چکے ہیں۔

یاد رہے کہ احسن رمضان نے سیمی فائنل میں اپنے سینئر ہم وطن اور دفاعی چیمپئن محمد آصف کو شکست دی تھی ۔فتح کے بعد وہ محمد آصف کے گلے لگ کر آبدیدہ ہوگئے تھے۔

احسن رمضان کون ہیں؟

احسن رمضان نے دوحا سے بی بی سی سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے چھ سات سال کی عمر میں سنوکر شروع کی تھی اور جب وہ ایک سنوکر پارلر میں کھیلنے گئے تو اس کے مالک نے کہا کہ اگر تم قومی سطح پر کھیلنا چاہتے ہو تو پنجاب کپ کے ذریعے اپنا راستہ بناؤ۔

احسن رمضان کہتے ہیں کہ ان کے والد نے ان کی بہت زیادہ حوصلہ افزائی کی اور گھر میں ایک چھوٹی سنوکر ٹیبل لاکر دی تھی جس پر انھوں نے کھیلنا شروع کیا تھا۔ والد چاہتے ہیں کہ ان کا بیٹا اچھا کھلاڑی بنے اور وہ اس کھیل میں مزید کامیابیاں حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن اس کا انحصار حالات پر ہوگا کہ حکومت کی جانب سے انھیں کتنی سہولت ملتی ہے اگر ایسا نہ ہوسکا تو پھر وہ سوچیں گے کہ مستقبل میں کیا کرنا ہے۔

خیال رہے کہ احسن رمضان نے قومی انڈر 16، 17 اور 18 ٹائٹل بھی جیتے ہیں جبکہ وہ قومی انڈر 21 چیمپیئن شپ میں رنراپ رہے ہیں۔

احسن رمضان نے اپنے ٹیلنٹ کی جھلک گذشتہ سال قومی سنوکر چیمپئن شپ میں بھی دکھائی جب وہ فائنل میں پہنچے جہاں انھیں محمد سجاد نے چھ کے مقابلے میں سات فریمز سے شکست دی تھی۔

14 اگست 2005 کو پیدا ہونے والے احسن رضا نے اس وقت شہ سرخیوں میں جگہ بنائی جب انھوں نے یہ عالمی اعزاز جیتنے سے قبل دوحا میں ہی منعقدہ عالمی انڈر 21 چیمپیئن شپ کے کوارٹرفائنل میں جرمن کھلاڑی کے خلاف 147 کا بریک کھیلا تھا تاہم وہ یہ میچ نہ جیت پائے تھے۔