اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے عدم اعتماد لاکر سوئے ہوئے شیر کو جگا دیا، زیادہ تر ارکان کی خواہش ہے قومی اسمبلی کا اجلاس جلد بلایا جائے، عمران خان کبھی بلیک میل نہیں ہوئے، یہ تین جوکر آپ کو پھر نظر نہیں آئیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے عامر کیانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف تحریک انصاف ہی واحد وفاقی جماعت ہے، کور کمیٹی نے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، اجلاس میں سیاسی امور پر غور کیا گیا، اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے لوگوں کو خریدنے کی مذمت کی گئی، تحریک انصاف نے کامیاب جلسے کیے، پیپلزپارٹی کا مارچ سندھ سے شروع ہوا تو پنجاب میں بکھر گیا، ہمارے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان، آصف زرداری اور شہبازشریف نے شیروں کو جگا دیا، آپ اپوزیشن کو ہاتھ ملتے دیکھیں گے، دیکھتے ہیں ووٹنگ کی نوبت آتی بھی ہے یا نہیں، ہمارے 3 ارکان کو پیسوں کی پیشکش ہوئی ہے، چاہتے ہیں ووٹنگ کیلئے اجلاس جلد سے جلد ہو، وزیراعظم کی مونس الہٰی سے ملاقات ہوچکی ہے، تحریک انصاف میں کوئی منحرف نہیں، ہم کوئی 4 ڈویژنز کی پارٹی نہیں ہیں۔