ومبلڈن اوپن: سرینا ولیمز کا ابتدائی راؤنڈ میں سفر تمام، نڈال نے پہلا میچ جیت لیا

Published On 29 June,2022 06:00 pm

لندن:(ویب ڈیسک) امریکا کی شہرہ آفاق ٹینس سٹار، 7 بار ومبلڈن اوپن کی فاتح سرینا ولیمز رواں سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈ میں ہارکر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں جبکہ سیکنڈ سیڈڈ رافیل نڈال، سٹیفانوس اور ٹیلر فریٹز نے فاتحانہ آغاز کردیا۔

سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ کے دارالحکومت لندن میں جاری ہیں۔

سرینا ولیمز کا ایک سال بعد ومبلڈن میں فاتحانہ واپسی کا خواب شرمندہ تعبیرنہ ہوسکا، 40 سالہ امریکی ٹینس سٹار کو ویمنز سنگلز مقا بلوں کے ابتدائی راؤنڈ میں فرانس کی 24 سالہ ہارمنی ٹین نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 5-7، 6-1 اور 6-7(7-10) سے ہرا کر نہ صرف میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا بلکہ سرینا ولیمز کو ہرا کر میگا ایونٹ باہر کر دیا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ تین گھنٹے اور 10 منٹ تک جاری رہا۔

دوسری جانب ہسپانوی شہرہ آفاق ٹینس سٹار، 22 گرینڈ سلام کے چیمپئن اور میگا ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ رافیل نڈال، یونانی ٹینس سٹار سٹیفانوس اور امریکی ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے جبکہ برطانوی ٹینس کھلاڑی ڈینیئل ایوانز ابتدائی رائونڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد میگا ایونٹ باہر ہوگئے۔

ہسپانوی کلے کورٹ کے بادشاہ رافیل نڈال نے مینز سنگلز مقابلوں کے پہلے راؤنڈ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹائن کے حریف کھلاڑی فرانسسکو سیرونڈولوکو 4-6، 3-6، 6-3 اور 4-6 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا، یونان کے سٹیفانوس نے بھی پہلی رکاوٹ عبور کر لی، انہوں نے حریف سوئس کھلاڑی الیگزینڈر رٹسچارڈ کو 6-7(1-6)،3-6، 7-5 اور 4-6 سے ہرا دیا، ایک اور میچ میں امریکی ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اطالوی حریف کھلاڑی لورینزو موسیٹی کوسیدھے سیٹس میں 4-6 ، 4-6 اور 3-6 سے ہرا دیا۔
 

Advertisement