ٹیورن: (ویب ڈیسک) سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ نے اے ٹی پی فائنلز ٹورنامنٹ جیت لیا۔
اے ٹی پی فائنلزکے فائنل میچ میں 35 سالہ سربیا کے عالمی شہرت یافتہ ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناروے کے حریف ٹینس کھلاڑی کیسپر رڈ کو سٹریٹ سیٹس میں 5-7 اور 3-6 سے ہرا دیا اور اے ٹی پی فائنلز کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
سابق عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ نے سوئٹزرلینڈ کے راجرفیڈرر کا ریکارڈ برابر کرتے ہوئے چھٹی مرتبہ اے ٹی پی فائنلز ٹائٹل جیتا۔
نوویک جوکووچ نے آخری بار 2015 میں راجر فیڈرر کو شکست دے کر اے ٹی پی فائنلز کا ٹائٹل جیتا تھا ۔
اے ٹی پی فائنلز کا چھٹی مرتبہ ٹائٹل جیتنے کے بعد جوکووچ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اس کامیابی پر بہت خوش ہیں، وہ اپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مستقبل میں مزید فتوحات حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ فائنل میچ میں انہوں نے اپنی تمام تر جہ کھیل پر مرکوز رکھی اور اس کا صلہ کامیابی کی صورت میں ملا، بڑی فتح کے بعد میں بہت اطمینان محسوس کر رہا ہوں۔
خیال رہے کہ نوویک جوکووچ کو رواں سال جنوری میں کووڈ ویکسین نہ ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا سے حراست میں لے کر ملک بدر کر دیا گیا اور وہ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے محروم ہو گئے تھے۔
نوویک جوکووچ کو ابتدائی طور پر 2025 تک آسٹریلیا واپس آنے سے روک دیا گیا تھا لیکن حالیہ ہی میں کینبرا میں نئی حکومت نے کہا ہے کہ نو بار آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے چیمپئن کو آئندہ سال جنوری میں شروع ہونے والے سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی۔