لاہور: ( ویب ڈیسک ) فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2022 میں پولینڈ نے ارجنٹائن کو اپ سیٹ شکست دینے والی سعودی عرب کی ٹیم کو شکست دے دی۔
قطر کے دارالحکومت دوحا میں جاری میگا ایونٹ کے گروپ سی کا میچ پولینڈ اور سعودی عرب کے مابین کھیلا گیا۔
اس میچ میں پولینڈ نے سعودی عرب کو 0-2 سے ہرایا، پولش ٹیم کو پہلے ہاف میں 0-1 کی برتری حاصل تھی، سعودی کھلاڑی نے پنالٹی ضائع کر کے گول کا موقع گنوایا۔
لیوینڈوسکی اگلے سکورر بن گئے جب انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے دفاعی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ٹیم کے لیے کھیل پر مہر لگانے کے ون آن ون موقع کو گنوا دیا، اس جیت نے پولینڈ کو گروپ میں سرفہرست رہنے میں مدد دی۔
فٹبال ورلڈ کپ، بڑا اپ سیٹ، ارجنٹائن کو شکست
فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2022 کا پہلا بڑا اپ سیٹ ہوگیا اور سعودی عرب نے ہاٹ فیورٹ ارجنٹائن کو چاروں شانے چت کردیا۔ جیت کی خوشی پر ملک میں بدھ کے روز سرکاری چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔
قطر کے لوسیل سٹیڈیم میں ورلڈ کپ گروپ سی کا مقابلہ ارجنٹینا اور سعودی عرب کے درمیان ہوا جہاں شہرہ آفاق فٹ بالر لیونل میسی نے 10 ویں منٹ میں پہلا گول کرکے برتری ضرور ثابت کی لیکن آخر تک برقرار رکھنے میں ناکام ہوگئے۔
دونوں ٹیموں پہلے گول کے بعد اچھا مقابلہ کیا تاہم سعودی عرب نے 48 ویں منٹ میں پہلا گول کرکے میچ برابر کردیا۔ صالح الصالح الشھری نے پہلا گول کیا، جس کے بعد سالم محمد الدوسری نے دوسرا گول کیا اور ٹیم کو برتری دلادی۔
ارجنٹائن کی مضبوط ٹیم نے گول کرنے کی کئی کوششیں کیں لیکن سعودی عرب کے ڈیفنس کی کارکردگی شاندار رہی اور میسی جیسے سٹرائیکر مزید گول کرنے میں ناکام رہے۔ سعودی گول کیپر الاویس نے ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کو مکمل طور پر بے بس کر دیا اور ان کے تمام حربے ناکام بنائے۔
الاویس نے اختتامی لمحات میں گیند روکنے کی زبردست کوشش کے دوران اپنے ہی کھلاڑی کے سر پر پاؤں مارا، حادثاتی طور پر لگنے کی والی چوٹ کے باعث ڈاکٹروں کو میدان میں طلب کیا گیا۔
اس موقع پر تھوڑی دیر تک کھیل روک دیا گیا تاہم مطلوبہ طبی امداد کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا اور 100 منٹ کا کھیل مکمل ہوا۔ میچ کا اختتام سعودی عرب کی ایک گول کی برتری کے ساتھ ہوا اور یوں رواں ورلڈ کپ کا پہلا اپ سیٹ ہوا۔اس میچ کی خاص بات یہ بھی ہے کہ میچ کو دیکھنے کے لیے 88 ہزار سے زائد افراد نے فٹبال سٹیڈیم کا دورہ کیا۔
ارجنٹائن کے خلاف تاریخی فتح کے بعد سعودی ٹیم کے کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں ہی سجدے میں گرکر خدا کا شکر ادا کیا۔
سوشل میڈیا پر بھی سعودی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کے فتح کے بعد سجدے کرنے کی تصاویر وائرل ہورہی ہیں۔
صارفین نے بھی کہا کہ کامیابی کے بعد سجدہ اللہ کا شکر ادا کرنے کا سب سے اچھا طریقہ ہے۔
اُدھر سعودی عرب اور ارجنٹائن کے میچ کے دوران امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور سعودی وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل بھی سٹیڈیم میں موجود رہے۔ سعودی وزیراعظم و ولی عہد محمد بن سلمان نے خاندان کے افراد کے ہمراہ مملکت میں میچ دیکھا۔
قومی ٹیم کی فتح پر ولی عہد محمد بن سلمان خوشی سے جھوم اٹھے اور سجدہ شکر ادا کیا۔ سعودی خبر رساں ادارے نے سعودی ولی عہد کے جشن منانے کی تصاویر جاری کی ہیں۔
میچ میں سعودی وزیر کھیل ٹیم کی جانب سے گول کرنے پر خوشی سے اچھل پڑے اورایک دوسرے کو گلے لگا کر مبارکباد دی۔
اُدھر فیفا نے ٹوئٹ میں ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ قرار دیا۔
دوسری طرف ورلڈکپ میں فیورٹ ٹیم ارجنٹائن کو پچھاڑنے کے بعد سعودی عرب نے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق منگل کو سعودی عرب کی ٹیم نے ارجنٹائن کے خلاف میچ جیتا ، جس کے بعد مملکت میں تمام ملازمین اور طلبہ کے لیے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان نے ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان کی تجویز پر چھٹی کا اعلان کیا۔