لاہور: ( ویب ڈیسک ) فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2022 میں پرتگال نے گھانا کو شکست دے دی جبکہ یوراگوئے اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر ہو گیا۔
قطر میں ہونے والے میگا ایونٹ کے گروپ ایچ میں پرتگال نے گھانا کو 2-3 سے ہرا دیا، سپر سٹار کرسٹیانو رونالڈو نے ایک گول سکور کیا، میچ کا آغاز دفاعی انداز میں ہوا، پہلے ہاف میں کوئی گول نہیں ہوا تھا۔
جنوبی کوریا اور یوراگوئے کا میچ برابر
ایک اور میچ میں تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم میں جنوبی کوریا اور یوراگوئے کے مابین ہونے والا میچ بنا کسی گول کے برابر ہو گیا۔
جنوبی کوریا کے فارورڈ ہوانگ یوئی نے تین مرتبہ مخالف گول پوسٹ پر حملے کئے لیکن کامیابی نہ مل سکی۔ یوراگوئے کے کپتان ڈیاگو گوڈن نے بھی جنوبی کوریا کے گول پوسٹ پر حملہ کیا لیکن وہ بھی گول کرنے میں ناکام ہوئے۔
جنوبی کوریا نے پہلے ہاف بہترین کھیل پیش کیا اور یوراگوئے کی ٹیم کو دباؤ میں رکھا لیکن یوراگوئے نے دوسرے ہاف میں غلبہ حاصل کرنا شروع کر دیا آخری لمحات میں فیڈریکو والورڈے کی طویل فاصلے سے کی گئی کوشش گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آ گئی۔
جنوبی کوریا کے اسٹار مین ٹوٹنہم کے اسٹرائیکر سون ہیونگ من کو بھی میچ میں موقع ملا لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔
اس ڈرا میچ نے گروپ ایچ کو کھلا چھوڑ دیا ہے بہت سے لوگ اسے یوراگوئے، جنوبی کوریا اور کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال کے درمیان ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے تین طرفہ جنگ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔