دوحہ (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ میں انگلش ٹیم کے سر سے بڑا خطرہ ٹل گیا۔ ٹیم کے کپتان ہیری کین انجری سے مکمل صحتیاب ہو گئے۔
پیر کے روز ایران کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ہیری کین ٹخنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے، جس کے بعد ان کی جگہ کالم ولسن میدان میں اترے تھے اور میچ مکمل کیا تھا۔
انجری کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ہیری کین امریکہ کے خلاف میچ شاید نہ کھیل پائیں تاہم گزشتہ روز ان کے ٹخنے کی سکیننگ کی گئی جس کا نتیجہ مثبت آیا ہے اور انہیں مکمل صحت یاب قرار دے دیا گیا ہے۔
انگلینڈ کے ٹیم منیجر گیرتھ سائوتھ گیٹ نے بتایا ہے کہ ہیری کین مکمل فٹ ہو گئے ہیں اور امریکہ کے خلاف میچ میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ واضح رہے کہ ہیری کین اب تک 76 میچز میں 51 گول کر چکے ہیں۔