دوحہ(ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ کے گروپ بی کے اس میچ میں ایران اور ویلز کے مابین دلچسپ مقابلہ ہوا، جس میں دو گول کرکے ایران نے ورلڈ کپ کی پہلی فتح اپنے نام کی۔
احمد بن علی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ایران اور ویلز کی ٹیموں نے دونوں ہاف میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ مقررہ وقت کے بعد اضافی وقت میں ایران کی ٹیم دو گول کرنے میں کامیاب ہو گئی۔
ایران کے کھلاڑیوں روزبا چشمی اور رامن رضائن نے بالترتیب 98 ویں اور 101 ویں منٹ پر ایک ایک گول کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
قبل ازیں فیفا ورلڈ کپ میں ایران کا ٹاکرا انگلینڈ کے ساتھ ہوا تھا جس میں انگلینڈ نے ایرانی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں ایران کے گول کیپر زخمی ہو گئے تھے۔ ویلز نے اپنا پہلا میچ امریکہ کے خلاف کھیلا جو ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔