فیفا ورلڈ کپ: ایک اور بڑا اپ سیٹ، مراکش کی بیلجیئم کو مات

Published On 27 November,2022 09:07 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) قطر میں جاری فیفا فٹبال ورلڈ کپ کو اپ سیٹ کا ایونٹ نہ کہا جائے تو یہ مناسب نہ ہوگا کیونکہ سعودی عرب اور جاپان کے بعد مراکش نے بیلجیئم کو شکست دے کر ایک اور اپ سیٹ کردیا۔

دوحا میں جاری میگا ایونٹ کے میچ میں مراکش کی جانب سے پہلا گول 73 ویں منٹ میں عبدالحامد نے کیا جبکہ دوسرا گول میچ کے اختتامی مراحل میں ذکریا نے کیا، بیلجیئم کے خلاف فتح کے بعد مراکش گروپ ایف میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گیا۔

اس سے قبل رواں ورلڈکپ میں سعودی عرب نے ارجنٹائن جبکہ جاپان نے جرمنی کو اپ سیٹ شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ بیلجیئم فیفا کی عالمی رینکنگ میں دوسرے جبکہ مراکش 22 ویں نمبر پر ہے۔

 قطر ورلڈ کپ: کوسٹاریکا نے جاپان کو شکست دے دی

 قطر ورلڈ کپ کے میچ میں کوسٹاریکا نے جاپان کو ایک کے مقابلے میں صفر گول سے ہرا دیا۔

احمد بن علی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا۔ پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔ دوسرے ہاف میں کوسٹاریکا کے کیشیر فلر نے بال کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

واضح رہے جاپان کی ٹیم نے اس کے قبل میچ میں ورلڈ چیمپئن جرمنی کو اپ سیٹ شکست دے کر شائقین کو حیرت میں مبتلا کر دیا تھا۔ آج کے میچ میں بھی جاپان کی ٹیم کو جیت کے لیے پسندیدہ ٹیم قرار دیا جا رہا تھا۔

Advertisement