سعودی کوچ نے ٹیم کو رولز رائس ملنے کی خبروں کی تردید کردی

Published On 27 November,2022 10:48 pm

لاہور: ( ویب ڈیسک ) سعودی عرب کی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیرو رینارڈ نے ان دعوؤں کی تردید کی ہے کہ ان کی پوری ٹیم کو ارجنٹائن کے خلاف ورلڈ کپ میں شاندار فتح کے بعد شاہی خاندان کی جانب سے رولز رائس گاڑی تحفے میں دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس سے قبل یہ اطلاع دی گئی تھی کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود قطر سے واپس آنے پر ہر کھلاڑی کو 6 ملین روپے کی رولس رائس فینٹم پیش کریں گے، تاہم اب رینارڈ نے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا اس میں کچھ بھی سچ نہیں ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہیرو رینارڈ نے کہا کہ ہمارے پاس ایک بہت سنجیدہ فیڈریشن اور وزارت کھیل ہے اور اس وقت کچھ حاصل کرنے کا وقت نہیں ہے، ہم نے صرف ایک کھیل کھیلا ہے، دو بہت اہم گیمز ہیں اور ہم کچھ اور کی امید کر رہے ہیں۔

ارجنٹائن کے خلاف جیت میں پہلا گول کرنے والے سعودی عرب کے فارورڈ صالح الشہری نے بھی اس رپورٹ کو غلط قرار دیا اور کہا کہ یہ سچ نہیں ہے، ہم یہاں اپنے ملک کی خدمت کرنے اور اپنی پوری کوشش کرنے آئے ہیں اور یہی انعام ہے۔

 

Advertisement