میلبورن : ( ویب ڈیسک ) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف ) کے زیر اہتمام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 111 واں ایڈیشن 16 جنوری سے آسٹریلیا کے مشہور شہر میلبورن میں شروع ہوگا، ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔
آسٹریلین اوپن ٹینس کا 111 واں ایڈیشن جبکہ اوپن ایرا میں 55 واں اوررواں سال کا پہلا گرینڈ سلام ہوگا جو میلبورن پارک میں 16جنوری سے شروع ہوکر 29 جنوری تک کھیلا جائے گا، ہارڈ کورٹ پر کھیلے جانے والے میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، مینز ڈبلز ،ویمنز سنگلز ، ویمنز ڈبلز ، مکسڈ ڈبلز کے علاوہ جونیئر اور وہیل چیئر کھلاڑیوں کے سنگلز اور ڈبلز کیٹیگریز کے مقابلے ہوں گے۔
گزشتہ سالوں کی طرح، ٹورنامنٹ کی مرکزی سپانسر ’’کِیا ‘‘کمپنی ہے، ہسپانوی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک رافیل نڈال مردوں کے سنگلز مقابلوں کے اورآسٹریلیا کی نامور ٹینس سٹار ایشلی بارٹی خواتین کے سنگلز مقابلوں میں دفاعی چیمپئن ہیں۔
ایشلی بارٹی مارچ 2022 میں کھیل سے ریٹائر ہونے کے بعد اپنے اعزاز کا دفاع کرنے سے محروم رہیں گی ، سربیا کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار ، عالمی نمبر پانچ اور نو بار کے آسٹریلین اوپن چیمپئن نوویک جوکووچ کو اس سال کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے جس کے بعد ان پر گزشتہ لگائی گئی 3 سال کی پابندی ختم ہو گئی ہے
کورونا وائرس ویکسی نیشن نہ کرانے پر ابتدائی طور پر یہ پابندی 2022 میں جوکووچ کی ملک بدری کے بعد لگائی گئی تھی کیونکہ آسٹریلیا کے قوانین کے مطابق 2022 میں جب ٹورنامنٹ کھیلا گیا تھا تو غیر ملکیوں کو ملک میں داخلے کے لیے ویکسینیشن کرانا ضروری تھا، لیکن اب ویکسینیشن کی شرط ختم ہونے کے بعد پابندی کو ختم کر دیا گیا ہے ۔
نوویک جوکووچ اپنے کیریئر میں 21 گرینڈ سلام ٹائٹلز اپنے نام کر چکے ہیں جن میں سے آسٹریلین اوپن انہوں نے نو مرتبہ اپنے نام کیاہے۔وہ 2008سے 2021 کے دوران 9 مرتبہ آسٹریلین اوپن کے ٹائٹلز اپنے نام کر چکے ہیں ۔جوکووچ نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ نہ صرف اس مرتبہ پھرآسٹریلین اوپن جیتیں گے اور 22 گرینڈسلام جیتنے کا ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال کا ریکارڈ بھی برابر کریں گے۔