سڈنی : (ویب ڈیسک ) آسٹریلین اوپن گرینڈ سلیم ٹینس میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے کھلاڑی بھی اب ایونٹ میں شریک ہوسکیں گے۔
ٹینس آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کریگ ٹائلی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو کورونا مثبت ہونے کے بارے میں بتانے کی ضرورت نہیں، کھلاڑی اگر بہتر محسوس کرتے ہیں تو وہ ایونٹ میں شرکت کر سکتے ہیں۔
کریگ ٹائلی نے کہا کہ کوویڈ 19 کی ٹیسٹنگ آسٹریلین اوپن کے دوران لازمی نہیں، جو لوگ طبیعیت میں بہتری محسوس نہیں کررہے ،انہیں گھر میں رہنے کے لیے کہا جائے گا۔
ان کا مزید کہناتھا کہ ہم نے کھلاڑیوں اور 1200 اسٹاف کو واضح کر دیا ہے کہ اگر طبیعت خراب ہے تو گھر رہیں، اس وقت ہمارے لیے صورتحال معمول کے مطابق ہے، اب یہ کھلاڑیوں پر منحصر ہے کہ وہ کورونا مثبت کے بارے میں بتائیں۔
آسٹریلیا میں رواں سیزن میں کرکٹ میں بھی یہی پالیسی اپنائی گئی تھی۔
یاد رہے کہ نواک جوکووچ کو گزشتہ آسٹریلین اوپن میں ویکسینیشن نہ لگوانے پر حصہ نہیں لینے دیا گیا تھا، ان کو آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آسٹریلین اوپن گرینڈ سلیم 16 جنوری کو آسٹریلیا میں شروع ہو گا جس میں 90ہزار سے زائد شائقین کی آمد متوقع ہے ۔