فٹبال کلبوں کی رجسٹریشن کا کام مکمل کیا جا رہا ہے : ہارون ملک

Published On 19 January,2023 01:22 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان فٹ بال فیڈریشن ( پی ایف ایف ) نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا ہے کہ کمیٹی کی کارکردگی اچھی جا رہی ہے، فیڈریشن کے انتخابات میں تاخیر نہیں کی جارہی، شفافیت کے لیے کام مکمل کیے جا رہے ہیں۔

چیئرمین پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی نے فٹ بال سمٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کا پہلا فٹ بال سمٹ تھا ، سمٹ میں تمام سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی اور ان سب کو فیفا اے ایف سی وفد نے سنا۔

ہارون ملک نے کہا کہ اے ایف سی وفد بھی کمیٹی کے کام سے مطمئن ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ جون 2023 تک بھی انتخابات ہوتے ممکن نظر نہیں آ رہے۔

انہوں نے کہا کہ کلبوں کی رجسٹریشن کا کام مکمل کیا جا رہا ہے، جو کام 74 برس میں نہیں ہو سکے انہیں کرنے میں وقت لگے گا، جو لوگ کہتے ہیں کہ جان بوجھ کر انتخابات نہیں کرائے جا رہے وہ کورٹ واپس لے لیں تو ہم بہتر انداز میں انتخابات کی طرف بڑھیں گے۔