ٹوکیو: (ویب ڈیسک)جاپان میں امریکی فری سٹائل سکائر کائل سمین سکینگ کے دوران برفانی تودے کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 31 سالہ کائل سمین اپنے دوستوں کے ہمراہ جاپان کے برفیلے پہاڑوں پر سکینگ کرنے گئے تھے جہاں وہ حادثے کا شکار ہوگئے۔
کائل سمین نے 2015 میں ورلڈ چیمپئن شپ ہاف پائپ میں سونے کا تمغہ اپنے نام کیا تھا، ان کے اہل خانہ کی جانب سے سمین کی موت کی تصدیق کردی گئی ہے۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ امریکا اور آسٹریا سے تعلق رکھنے والے 5 افراد سکینگ کیلئے گئے تھے لیکن اس دوران برفانی تودے کی زد میں آگئے جس سے 3 سکائر محفوظ رہے اور 2 ہلاک ہوگئے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے کئی دنوں کی شدید برف باری اور ریکارڈ سردی کے بعد علاقے میں جانے والوں کے لیے وارننگ جاری کی ہوئی تھی۔