اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان کی قومی مرد اور خواتین فٹ بال ٹیموں کے ارکان نے ملاقات کی، ملاقات میں فیفا کی مقرر کردہ نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون احمد ملک اور اراکین نے شرکت کی۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ ملک میں فٹ بال کے فروغ کیلئے بین الاقوامی معیار اپنانے کی ضرورت ہے، صدر مملکت نے فٹ بال کھلاڑیوں کو تربیت کی بہتر سہولیات اور کوچنگ فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی کو ملک میں فٹ بال سے متعلق مسائل کے حل کیلئے کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ فٹ بال کو ضلعی اور کلب کی سطح پر فروغ دیا جائے، کھلاڑی پاکستان کے سفیر ہیں، ملک کا امیج بہتر بنانے کے لیے کام کریں، افسوس کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی اندرونی سیاست نے اس کی کارکردگی کو متاثر کیا، امید ہے کہ فیفا کی کمیٹی کی مدد سے فیڈریشن کی کارکردگی میں واضح بہتری آئے گی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان کی قومی مرد اور خواتین فٹ بال ٹیموں کے ارکان کی ملاقات
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) February 22, 2023
ملاقات میں فیفا کی مقرر کردہ نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون احمد ملک اور اراکین کی شرکت
ملک میں فٹ بال کے فروغ کیلئے بین الاقوامی معیار اپنانے کی ضرورت ہے، صدر مملکت pic.twitter.com/KvoyO3o7OJ
فیفا نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون احمد ملک نے صدر مملکت کو بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 70 لاکھ سے زائد لوگ فٹ بال کھیلتے ہیں، فیڈریشن کے انتظام کو بہتر بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں، خواتین کی فٹبال قومی ٹیم نے 8 سال بعد اپنا پہلا بین الاقوامی کھیل کھیلا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مردوں کی فٹبال قومی ٹیم نے 4 سال بعد اپنا پہلا بین الاقوامی کھیل کھیلا، اب تک ملک کے 163 اضلاع سے تقریباً 4600 کلب رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، دستاویزات اور فزیکل سکروٹنی کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026 کھیلنے کا فیصلہ میسی خود کریں گے: ارجنٹائن کوچ
صدر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مردوں کی ٹیم 2026 فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شرکت کرے گی، خواتین کی قومی ٹیم اس سال پیرس 2024 کے اولمپکس کوالیفائرز میں کھیلے گی۔