پی ایف ایف کے انتخابات کا معاملہ پچیدہ صورت حال کا شکار ہوگیا

Published On 01 April,2023 09:22 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے انتخابات کا معاملہ پچیدہ صورت حال کا شکار ہوگیا، سکروٹنی کے پہلے مرحلے میں ڈیٹا جمع کروانے والے کلبز کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔

پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی (این سی) کی جانب سے ملک بھر کے 5 ہزار سے زائد کلبز کی سکروٹنی کے پہلے مرحلے میں صرف 18 کلبوں نے اپنا ڈیٹا جمع کروایا ہے، فٹبال کلبوں کی سکروٹنی کا عمل گزشتہ ماہ کے آغاز سے شروع کیا گیا تھا۔

پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے رکن شاہد کھوکھر کا اس متعلق کہنا ہے کہ کلبوں کی سکروٹنی کے حوالے سے انتہائی تکلیف دہ اور مشکل صورت حال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ملک بھر میں 5 ہزار سے زائد کلبز رکھنے والی پی ایف ایف کا گزشتہ کئی دہائیوں سے آئین کے مطابق کوئی کام درست نہیں تھا۔

شاہد کھوکھر نے بتایا کہ کلبز کی سکروٹنی کا عمل شروع ہوئے 1 ماہ سے زائد عرصہ ہوگیا ہے، اس عرصے میں 5 ہزار کلبز میں سے جن 18 کلبز نے اپنا ڈیٹا این سی کے پاس جمع کروایا ہے ان کے پاس تو ووٹنگ رائٹ بھی نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں فٹ بال کے حالات کو درست کرکے معاملات منتخب ارکان تک پہنچے میں کتنا وقت لگے گا اس کے بارے میں ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا، فیفا سے مستقل رابطے میں ہیں اور وہ پاکستان فٹ بال کے تمام تر حالات و واقعات سے آگاہ ہے۔