ریاض : (ویب ڈیسک ) ارجنٹینا کے ورلڈ کپ فاتح کپتان لیونل میسی کو سعودی کلب سے کھیلنے کی پیشکش ہوئی ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے الہلال فٹ بال کلب نے لیونل میسی کو 400 ملین یورو سالانہ میں کھیلنے کی پیشکش کی ہے ۔
36 سالہ میسی کو سعودی طلب کی جانب سے پیشکش ہونے کا انکشاف فٹبال کے معروف اطالوی صحافی فبریزیو رومانو نے کیا۔
رپورٹ کے مطابق اطالوی صحافی کا کہنا ہے کہ لیونل میسی کو کلب کی جانب سے باضابطہ پیشکش کی جا چکی ہے تاہم ابھی تک کھلاڑی کی جانب سے کوئی گرین سگنل نہیں دیا گیا ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لیونل میسی نے یورپ کے ایک اور کلب سے کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں :جنوبی امریکی فٹبال میوزیم کا لیونل میسی کو زبردست خراج تحسین پیش
یاد رہے کہ لیونل میسی سعودی کلب کی پیشکش قبول کرتے ہیں تو وہ اپنے حریف کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ شامل ہو جائیں گے، رونالڈو سعودی لیگ النصر کلب کی طرف سے کھیلتے ہیں۔
واضح رہے کہ لیونل میسی نے 2021ء میں پی ایس جی کے ساتھ دو سال کا معاہدہ کیا تھا۔
کچھ روزقبل لیونل میسی نے اپنے کیرئیرکے800 گول مکمل کرنے کے بعد کیوروسا کے خلاف انٹرنیشنل گولز کی سنچری مکمل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا ہے ۔